شہر کی بہتری کے لیے مرتضیٰ وہاب کا انتخاب لائق تحسین ہے، فرازالرحمن

97

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور کے بی جی کے چیف ترجمان فراز الرحمٰن نے کہاہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لیے مرتضیٰ وہاب کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہیں،شہر کی بہتری کے لیے بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کا انتخاب لائق تحسین ہے،کراچی کو مرتضیٰ وہاب جیسے نوجوان، باصلاحیت اور باشعور منتظم کی ضرورت ہے،ان کو ایڈمنسٹریٹر بنانے سے شہر ترقی کرے گااور عوام کو درپیش شہری مسائل کے حل میں آسانی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے لئے مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگی کیونکہ شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال، قلت آب، گندگی کے ڈھیر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور دیگر مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔تاجر برادری کا ہمیشہ سے مؤقف رہاہے کہ شہر کی تعمیروترقی کے لیے کوئی بھی آئے اس کا خیر مقدم کریں گے لیکن افسوس جو بھی آتاہے اپناوقت گزارکر چلاجاتاہے ،یہی وجہ ہے کہ عوام کے ساتھ ساتھ تاجر برادری بھی مسائل کی شکاررہی ہے، مرتضیٰ وہاب کے انتخاب سے امید ہوچلی ہے کہ اب کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔