عید کے موقع پر شدیدلوڈ شیڈنگ بد انتظامی کا نتیجہ ہے، میاں زاہد حسین

118

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ملک بھر میں شدیدلوڈ شیڈنگ بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ عوام اور معیشت توانائی کے شعبہ کے ارباب اختیار کی نا اہلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں اور ملک کو اربوں روپے روزانہ کا نقصان ہو رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بجلی کی پیداواری صلاحیت طلب سے زیادہ ہے مگر شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے۔ بار بار بجلی کے بحران متعلقہ حکام کی صلاحیتوں اور فیصلوں پر سوال کھڑا کر رہے ہیں۔ گزشتہ بحران کی طرح موجودہ بحران کی وجہ بر وقت ایل این جی درامد نہ کرنا اور فرنس آئل کی کمی ہے جبکہ موسم گرما میں گیس کی کمی نے بھی ہزاروں صنعتوں کو تالا ڈلوا کر لاکھوں افراد کو بے روزگار کر ڈالا ہے۔ جولائی کے دوسرے اور تیسرے ہفتے کے لیے ایل این جی کے دو جہاز بک کیے گئے تھے جن میں سے ایک منافع پر فروخت کر دیا گیا جبکہ دوسرے کا کچھ پتہ نہیں چلا۔