نوابشاہ، انٹر کے سالانہ امتحانات، ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ

101

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے شہید بینظیرآباد ڈویژن میں بورڈ کے گیارہویں و بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے 26 جولائی سے 6 اگست 2021ء تک ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کردی، نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد کے چیئرمن کی جانب سے 26 جولائی سے شہید بینظیر آباد ڈویژن میں شروع ہونے والے سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور امتحانی امیدوار کے علاوہ دیگر لوگوں کی امتحانی مراکز میں داخلے پر قلم 144 نافذ کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس پرآج کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ نے سندھ حکومت کی جانب سے دیے گئے اختیارات کے تحت ڈویژن بھر کے تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ امتحانی مراکز میں امتحان دینے والے امیدواروں اور ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین کے علاوہ کسی دوسرے غیر متعلقہ فرد کی داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پرچے کے اوقات میں امتحانی مراکز کے قریب فوٹو کاپی مشینوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف متعلقہ حدود کی پولیس کو دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔