ایچ ڈی اے شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے کوشاں ہے، عامر لغاری

76

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما عامر لغاری نے کہا کہ ایم کیو ایم کے شرپسند حیدرآباد کے ترقیاتی ادارے کی انتظامیہ کیخلاف زہر اگل رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی ہدایت پر ایچ ڈی اے شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیفنس حیدرآباد میں اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ ایچ ڈی اے نے شہر کی ترقی اور خوبصورتی کی کئی اسکیمیں دیں، حالیہ گرین حیدرآباد، کلین حیدرآباد کی مہم شروع کی جو کہ کامیابی سے چل رہی ہے۔ شہر کے راستوں کو خوبصورت بنایاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ ایم کیو ایم سے ہمیشہ شہر اور عوام کی ترقی ہضم نہیں ہوئی، اس لیے وہ ایچ ڈی اے کیخلاف من گھڑت پروپیگنڈہ مہم چلارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر ڈی جی ایچ ڈی اے غلام محمد قائم خانی کام کررہے ہیں۔ سندھ حکومت نے جو انہیں اسکیمیں دی ہیں ان کا ہدف حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کیخلاف کوئی سازش برداشت نہیں کریں گے، اداروں کا تحفظ سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔