حیسکو کے خلاف حالی روڈ سبزی منڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ

311

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دس روز سے العزیز کالونی ، بدین بس اسٹاپ روڈ کے ٹرانسفارمر خراب، کوئی پرسان حال نہیں، علاقہ مکین سڑکوں نکل آئے، حیسکو کے خلاف حالی روڈ سبزی منڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کرکے جنرل بس اسٹینڈ اور اولڈ سبزی منڈی جانے والی شاہراہ بلاک کردی۔ انہوںنے کہاکہ دس روز سے تعطل چل رہا ہے ٹرانسفارمرز غیر معیاری ٹھیک ہوتے ہیں اور دو دن بعد دوبارہ پھٹ جاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ حیسکو چیف اپنے اختیارات کا استعمال کریں اور عوام کو کرپٹ افسران سے نجات دلائیں۔ ایس ڈی او حیسکو حالی روڈ افسران بالا کا حکم بھی ماننے کو تیار نہیں۔ مظاہرین نے حالی روڈ سب ڈویژن کے ایس ڈی او کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ فوری طور پربجلی نہ دی گئی تو سخت احتجاج کریں گے ۔مظاہرے میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔علاوہ ازیں چندہ کول کارنر لیاقت کالونی میںٹرانسفارمر سے بجلی 23گھنٹے سے بندہے جس پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔