۔31جولائی کو حیدر آباد حقوق ریلی ایک تاریخی ریلی ہوگی،عامر خان

125

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)31جولائی کو حیدر آباد کے عوام سندھ سرکار کیخلاف ایک تاریخی احتجاج کرینگے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے حیدر آباد ڈسڑکٹ آفس پر 31جولائی کو منعقدہ حیدر آباد حقوق ریلی کے انتظامات کے حوالے سے حیدر آباد ڈسڑکٹ کے ذمہ داران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی شکیل احمد،انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزاق و اراکین ڈسڑکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی و اراکین حق پرست ارکان اسمبلی حیدر آباد صلاح الدین،صابر حسین قائم خانی،راشد خلجی،ندیم صدیقی اور ناصر حسین قریشی بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ کراچی حیدر آباد اور سندھ کے دیگر شہری علاقے سندھ کی متعصبانہ حکومت کی بدولت مسائل کا شکار ہیں اور اب ہمیں ان متعصبانہ سندھ سرکار کے خاتمے کےلیے سٹرکوں پر آناہے۔انہوں نے کہاکہ 31جولائی کو حیدر آباد حقوق ریلی ایک تاریخی ریلی ہوگی جو سندھ سے متعصبانہ حکومت کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہونگی۔انہوں نے کہاکہ حیدر آباد کے کارکنان وعوام سندھ سرکار کی کرپشن اور متعصبانہ اقدامات کیخلاف چٹان ثابت ہونگے۔اس موقع پر ایم کیوایم حیدر آباد ڈسڑکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے اراکین رابطہ کمیٹی کو ریلی کے انتظامات پر بریفنگ دی۔