موبائل میں چرس لانے والے سی آئی اے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

96

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامشور سے پولیس موبائل میں چرس کراچی لانے والے سی آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج کرلیاگیا، ملزمان سرکاری موبائل میں پولیس یونیفارم پہن کر 76 کلو گرام چرس فروخت کرنے کراچی آئے تھے۔ ایس ایچ او بوٹ بیسن انسپکٹر نصیر تنولی کے مطابق اتوار کو رینجرز نے شیریں جناح کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے جامشورو سی آئی اے کے 6 اہل کاروں یعقوب، غلام عباس، اعجاز علی ملاح، عبدالحمید، راہب حسین اور احمد نواز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 76 کلوگرام چرس برآمد کی تھی ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 587/21 بجرم دفعہ 6/9 سی نارکوٹکس کے تحت سرکاری مدعیت میں درج کرلیا۔ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک پولیس موبائل نمبر ایس پی ایف 689 میں سوار تھے جن میں 4 اہلکار باوردی اور 2 سادہ لباس تھے، جب رینجرز کے اہل کاروں نے روکی اور موبائل کی تلاشی لی تو اس میں سے 20 پیکٹ میں پیک کی گئی اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد ہوئی، ایس ایچ او بوٹ بیسن نصیر تنولی نے مزید بتایا کہ مذکورہ تمام اہل کار جامشورو سی آئی اے کے انسپکٹرکی پولیس پارٹی میں شامل ہیں مذکورہ انسپکٹر کے خلاف جامشورو میں بھی انکوائری کی جارہی ہے کہ ان کی پارٹی میں شامل اہل کار کس طرح کراچی میں منشیات فروخت کرنے پہنچ گئے، انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد کراچی اور جامشورو میں بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔