بارش کے باعث حادثات میں 5 بچوں سمیت 8جاں بحق

85

کرک ‘پشاور‘نیلم(اے پی پی)کرک کے علاقہ کندہ سراج خیل میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 بچے زخمی ہوگئے ۔کندہ سراج خیل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب بچوں نے گھر جاتے ہوئے بارش تیز ہونے کے بعد دیوار کی آڑ میں پناہ لے لی،اسی دوران بارش کے باعث دیوار بچوں پر گر گئی ،جس سے 8سالہ ایمان اور 10سالہ سدیس موقع پر جاں بحق جب کہ صفیان ، ثانیہ اور ایک اور بچہ زخمی ہوگیا ،مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی اور جاں بحق بچوں کو نکالا جب کہ ریسکیو ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ بعد ازاں زخمی بچوں کوتحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال تخت نصرتی منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیںکوہاٹ شکردرہ میں برساتی نالے میں ایک ہی خاندان کے 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔کوہاٹ پولیس کے مطابق گزشتہ روزبرساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہونیوالوں میں ایک بہن اور 2 بھائی شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ برساتی نالے میں 7 بچے ڈوب گئے تھے جن میں سے 4بچوں کو زندہ نکال لیاگیااور ابتدائی طبی امداد کے بعدسول اسپتال شکردرہ منتقل کر دیا گیا ۔دوسری جانب8مقام کٹھہ پیراں کے ملحقہ علاقہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے3افراد جاں بحق اور2زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر 8مقام منتقل کردیاگیا۔آسمانی بجلی گرنے سے گھر مکمل تباہ ہوگیا جبکہ جاں بحق افراد کو آبائی گائوں کٹھہ پیراں پہنچایاگیاجہاں ان کی تدفین کی گئی ۔