کے الیکٹرک نے 6.52 روپے یونٹ بجلی کی قیمت بڑھانے تیاری کرلی

476

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی گرانے کی تیاری کرلی، بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی درخواست دائر کردی گئی، جس کی منظوری کے بعد یونٹ ریٹ مزید مہنگا ہوجائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سے ماہانہ اور سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی6.52روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے، اس سلسلے میں کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دائر کردی ہے۔ذرائع کے مطابق ماہ جولائی تا جون اور جنوری تا مارچ 2021ء تک کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی گئی ہے جس کی منظوری کے بعد جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1.97روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ فروری کے لیے بجلی 2روپے 49پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے مارچ کے لیے بجلی ایک روپیہ 49پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے اپنی درخواست میں ماہ اپریل کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 86 پیسے فی یونٹ اور مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی میں بجلی 86پیسے فی یونٹ اضافے کا کہا ہے۔رواں ماہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 21پیسے مہنگی جبکہ جنوری تا مارچ 2021ء ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 36 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس حوالے سے نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ کے الیکٹرک کی مذکورہ درخواست پر 28جولائی کو سماعت کے بعد یہ فیصلہ کرے گا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی گنجائش ہے یا نہیں۔