ن لیگ کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ ،رہنمائوں کو ٹاسک سونپ دیا

108

لندن ‘لاہور‘نارووال(این این آئی+نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کا عید کے بعد حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ، صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی پارٹی کے سینئر رہنما ئو ں سے مشاورت جاری ہے۔ مشاورت میں حکومتی ناکامیوں کو اجاگر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اپوزیشن سے رابطوں کے لیے لیگی رہنمائوں کو ٹاسک سونپ دیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے شہباز شریف خود رابطہ کریں گے۔بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں سے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف رابطہ کریں گے۔سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے مفتاح اسماعیل،سعد رفیق اور ایاز صادق رابطہ کریں گے۔کے پی کے کی اپوزیشن جماعتوں سے انجینئر امیر مقام،جاوید عباسی اور عباس آفریدی رابطہ قائم کریں گے۔مسلم لیگ (ن) پارٹی سطح پر بھی حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی جب کہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ سطح پر بھی احتجاج کرے گی ۔علاوہ ازیںمسلم لیگ(ن)کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا امن سلیکٹڈ کی نا اہلی اور سلیکٹرز کی اصل فرائض سے غفلت کی نذر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی انجینئرز پر داسو میں جان لیوا حملہ اور افغان سفیر کی بیٹی کا اسلام آباد سے مبینہ اغواء انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے ،جو امن پاکستان میں ہم نے بڑی محنت سے اپنے دور میں حاصل کیا تھا وہ سلیکٹڈ کی نا اہلی اور سلیکٹرز کی اصل فرائض سے غفلت کی نذر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے اعتراف کیا ہے کہ مودی سرکار نے یقینی بنایا ہے کہ پاکستان گرے فہرست میں شامل رہے‘جو کہ ایف اے ٹی ایف کے فیصلہ سازی کے عمل کی سالمیت پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے،واچ ڈاگ کو واضح کرنا ہوگا کہ یہ دوسروں کے کہنے پر پاکستان کے خلاف استعمال تو نہیں ہو رہا ہے۔ادھر مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے جموں کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ڈھلی میں حلقہ ایل اے 37جموں 4میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران نیازی کی نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ادارے غیر افعال اور جمود کا شکار ہیں، ترقی کی راہیں معدوم ہوچکی ہیں، عوام 2وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران نیازی کی نااہل اور نالائق حکومت نے مہنگائی کے تمام تر ریکارڈ توڑ کر عوام کو زندہ درگور کردیا ہے ، بار بار اشیاء خورو نوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پروان چڑھانے اور بے روز گاری میں اضافے سے عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔انہوںنے کہا عمران نیازی کی حکومت نے عید قربان سے پہلے ہی عوام کو قربانی کا بکرا بنا ڈالا ہے ، شدید گرمی اور عید قربان کے موقع پر بجلی کی بدترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرکے عوام کا کچومر نکال دیا ہے،جو موجودہ حکومت کی نااہلی اور ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب پاکستان کے عوام ترقی کو ووٹ دیتے ہیں تو ان کو نکال دیاجاتا ہے ۔