عوامی مفاد میں قانونی سقم دور کریں گے‘اسد قیصر

79

اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ قومی اسمبلی عوام کے ایشوز کے حل کا ادارہ ہے، اگر عوام کے مفاد کے لیے قانونی سقم ہے تو فوری دور کریں گے، عوام کی بہتری کے لیے قانون سازی بہر صورت کی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے خصوصی کمیٹی برائے زرعی مصنوعات کے اجلاس میں کیا۔اس موقع پرکاشتکاروں نے بتایاکہ تمباکو کی پیداواری لاگت فی ایکڑ 8 لاکھ 44 ہزار روپے ہے، فی ایکڑ پیداوار 3500 کلو گرام ہے۔ اسد قیصر نے زراعت کے لیے خصوصی ذیلی کمیٹی کو ذمے داری سونپ دی۔کمیٹی برائے زراعت کی ذیلی کمیٹی کی کنوینر شاندانہ گلزار ہیں۔ کاشتکاروںنے کہاکہ کاشتکار کو 37 روپے فی کلو نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمباکو کاشتکاروں کے مسائل کو سب کمیٹی دیکھے گی، کوشش ہے کہ کسان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں، کامیاب کسان پروگرام میں اگر کہیں کوئی کمی ہے تو اس کودور کیا جائے گا۔ اسد قیصر نے کہاکہ کوئی ساتھ دے نہ دے قانون ہم نے بنانا ہے ، عمل در آمد کرانا پارلیمنٹ کا کام ہے۔