زائد اثاثے‘ فضل الرحمن کے قریبی ساتھی کی درخواست ضمانت منظور

73

پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھی اور سابق ڈی ایف او موسیٰ خان بلوچ کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے فضل الرحمن کے قریبی ساتھی اور سابق ڈی ایف او موسیٰ خان بلوچ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔دوران سماعت موسیٰ خان بلوچ کے وکیل قاضی جواد احسان اللہ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے نیب کو6 مہینے میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا تھا،6 مہینے سے زائد وقت گزر گیا، احتساب عدالت میں کیس کا ٹرائل ابھی تک مکمل نہیں ہوا، کیس میں5 سے6 گواہان کے بیانات اب بھی ریکارڈ کرنا باقی ہیں۔ عدالت نے مقررہ وقت میں ٹرائل مکمل نہ ہونے پر موسیٰ خان بلوچ کی ضمانت منظور کرلی۔