ایک الزام ثابت کردیا جائے، استعفا دے دوں گا، خورشید شاہ

169

سکھر (صباح نیوز+ اے پی پی) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مجھ پر کوئی ایک الزام ثابت کریں، ٹی وی پر آکر استعفا دے دوں گا، حکومت سوائے جھوٹ بولنے کے کچھ نہیں کر رہی۔ سکھر میں نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کیا سچ ہے اور کیا جھوٹ ہے، کشمیر الیکشن میں دھاندلی ہوئی توحکومت کو بھگتنا پڑے گی۔قبل ازیں احتساب عدالت میں خورشید شاہ اور ان کے خاندان سمیت 18 افرادکے خلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی، خورشید شاہ کواین آئی سی وی ڈی اسپتال سے اور ان کے صاحبزادے ایم پی اے سید فرخ شاہ کو سینٹرل جیل سکھر سے عدالت لایا گیا۔ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ریفرنسز کے گواہ عدالت میں پیش ہوئے جن سے خورشید شاہ اور دیگر ملزمان کے وکلا نے کافی دیر تک جرح کی۔ جرح جاری تھی کہ عدالت نے سماعت 4 اگست تک ملتوی کردی۔