حکمرانوں کی نا اہلی پارلیمانی نظام کے لیے خطرہ ہے،لیاقت بلوچ

95

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی، ناکامی بلدیاتی و پارلیمانی نظام کے لیے خطرہ ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی و آئینی حقوق کی حفاظت کرے گی۔ علما اور بلدیاتی رہنماؤں کے وفود نے ملاقات اورجماعت اسلامی لاہور کی مشاورتی کونسل کی کور کمیٹی کے اعزاز میں عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان خصوصاً دیہی علاقوں میں زراعت اور شہروں میں وسیع تجارتی، صنعتی، سرمایہ کاری کے مواقع بہت بڑی طاقت ہیں۔ ملک بھر کے شہروں میں بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے کی وجہ سے پینے کا صاف پانی، گندے پانی کی نکاسی، تعلیم اور صحت کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر بھرپور اور منظم آواز بلند کرے، کارکنان کی بلدیاتی اور عام انتخابات کے لیے رابطہ عوام مہم شروع کردی جائے۔لیاقت بلوچ نے علما کرام سے گفتگو میں کہا کہ عیدِ قربان اور عیدالفطر اہل ایمان کی خوشیوں کے ایام ہیں۔ اللہ کا شکر اور اللہ کے احکامات کا انفرادی، اجتماعی، ریاستی سطح پر نفاذ ہی اسلامی معاشرے کی کامیابی ہے۔ عامۃ الناس میں نیک نیتی، خشوع، اخلاص، تقویٰ، صبر، شکر ، محبت، شجاعت، اطاعت، اْلفت و سخاوت کے جذبے ابھارے جائیں اور عوام کو آمادہ کیا جائے کہ حسد، بغض، کینہ، نفرت، غرور و تکبر، حب جاہ، حب مال، حب دنیا میں گم نہ ہوجائیں۔ یہ اخلاقِ رذیلہ ملک و ملت کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں، انہیں ترک کردیا جائے۔ منبر و محراب اور علما کرام کا صاحب کردار ہونا اسلامی معاشرے کی بڑی طاقت ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کا سربراہی اجلاس 5 اگست کو منعقد ہوگا۔ ممبر جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کے اسلامی، نظریاتی، آئینی کردار کی حفاظت، یورپی پارلیمنٹ کی توہین آمیز قرارداد، وقف املاک ایکٹ، خاندانی نظام کی تباہی کے بل، نصابِ تعلیم، دینی مدارس پر سیکولر مادرپدر حملوں کے سدباب کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ سربراہی اجلاس آئندہ 3 سال کے لیے صدر، سیکرٹری جنرل اور مرکزی عہدیداران کا انتخاب بھی کرے گا۔ ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس کے میزبان مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجا ناصر عباس ہوںگے۔ اِس موقع پر چودھری محمد شوکت، احمد سلمان بلوچ، فاروق بھٹی، عبدالرشید مرزا ور دیگر رہنما موجود تھے۔