سعودی عرب اور ابوظبی کے ولی عہدوں کی ملاقات

202
ریاض: سعودی عرب اور ابوظبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود اور شیخ محمد بن زاید النہیان ملاقات کررہے ہیں

 

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور غیر اوپیک ممالک کے اجلاس کے بعد سعودی دارالحکومت میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ابوظبی کے ولی عہد اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا، جب کہ شیخ محمد بن زاید نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے اماراتی صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر دونو ں رہنماؤں نے فریقین کے درمیان تعاون کے طریقوں اور انہیں مختلف شعبوں میں جدید خطوط پر استوار کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب اوپیک کے اجلاس میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تیل کی پیداوار کے کوٹے میں اضافے سے متعلق سمجھوتا طے پاگیا ہے۔ اماراتی وزیرتوانائی سہیل بن محمد مزروئی نے اس کے بعد کانفرنس میں کہا کہ ہم اس سمجھوتے سے مطمئن اورخوش ہیں۔ اوپیک پلس نے مئی 2022ء سے امارات، سعودی عرب، روس، کویت اور عراق سمیت بعض ممالک کا تیل کی یومیہ پیداواری کوٹا بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔