بغداد میں بم دھماکا‘ 10 افراد ہلاک‘ 20 زخمی

158
بغداد: بازار میں بم دھماکے کے بعد تباہی پھیلی ہوئی ہے‘ جائے وقوع پر شہری جمع ہیں

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراقی دارالحکومت بغداد میں بم دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق دھماکا دارالحکومت بغداد کے علاقے الصدر سٹی کی اہم شاہراہ پر واقع مشہور اور مصروف بازار میں کیا گیا۔ حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں 10 ہلاکتوں کی تصدیق کئی گئی ہے، جب کہ واقعے میں 2سیکورٹی اہل کاروں سمیت 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا، جس میں آئی ای ڈی کو استعمال کیا گیا۔ حملے کی ذمے داری کسی مقامی یا عالمی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ واضح رہے کہ 2003ء میں عراق پر امریکی حملے کے بعد سے اس ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں جاری ہیں، جن میں مختلف عسکری گروہوں، ملیشیاؤں اور تنظیموں کو استعمال کیا جاتا ہے۔ ملک میں اس وقت شدید مہنگائی کے باعث عوام حکومت سے سخت نالاں ہیں۔ گزشتہ سال سے ملک کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے مظاہرے ہو رہے ہیں۔