برطانیہ میں کورونا پابندیاں ختم‘ نوجوانوں کا جشن

207

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے باوجود تمام پابندیاں اٹھانے کا اعلان کردیا۔ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ ماسک پہننے اور لازمی سماجی فاصلہ رکھنے کے علاوہ اب دیگر پابندیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ پابندیاں ختم ہونے کا اعلان ہونے پر نوجوانوںکی بڑی تعداد جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئی۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برطانیہ میں کورونا کیسوں کی یومیہ تعداد 50 ہزار ہے اور متنازع اقدامات کے باعث یہ تعداد 2لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ دوسری جانب انڈونیشیامیں آکسیجن کے ذخائر ختم ہونے کے باعث صورت حال سنگین ہوتی جارہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 12 جولائی تک انڈونیشیا میں یومیہ نئے متاثرین کی تعداد بھارت کے کیسوں سے تجاوز کر چکی تھی۔ اسپتالوں میں علاج کی سہولت حاصل کرنے سے قاصر مریض گھر ہی میں رہنے پر مجبور ہیں۔ آکسیجن کی مانگ 5گنا بڑھ گئی ہے۔ مقامی امدادی ادارے جی آئی ٹی اے کے مطابق 3 ہزار 800 سے زائد ضرورت مند افراد آکسیجن سلنڈر استعمال کرنا چاہتے ہیں، جب کہ ان کے پاس صرف 920 سلنڈر ہیں۔ادھر ویتنا میں بھی کورونا کے کیسوں میں اضافے کے باعث حکام نے ہنگامی اقدامات شروع کردیے۔ خبررساں اداروںکے مطابق ملک میں بھر کورونا وائرس کے 5 ہزار 926 نئے متاثرین سامنے آچکے ہیں، جب کہ حکومت نے پابندیاں اٹھالی ہیں۔