ارشد ندیم اولمپک گیمز میں جبولین تھرو میں اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کریں گے، میجر جنرل اکرم ساہی

224

 

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اولمپک گیمز میں جبولین تھرو کے ایونٹ میں اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ ارشد ندیم نے ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں بھر پور محنت کر رکھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی طرف سے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر، اولمپین اتھلیٹ رابعہ عاشق، ڈائریکٹر پی ایس بی نصراللہ رانا ، کوچز محمد رفیق، سلمان سرور بٹ ،طارق سندھو اور سید فیاض حسین بخاری بھی موجود تھے۔میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ہم ارشد ندیم کو اولمپکس کے لیے الوداع کررہے ہیں۔ ارشد ندیم بڑے اعتماد میں ہیں اور امید ہے کہ یہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ ارشد ندیم کی ٹریننگ کے لئے کرسکتے تھے وہ ہم نے کیا ہے اورجب ارشد ندیم نے کوالیفائی کیا تو فیڈریشن کے پاس چند لاکھ روپے تھے۔ ارشد کی ٹریننگ پر 2کروڑ روپے لاگت کا تحمینہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے تمام تر کوششیں کرکے ارشد ندیم کو مکمل ٹریننگ کروائی ہے۔ ارشد کے لئے ترکی میں غیر ملکی کوچ کے پاس بھی ٹریننگ کروائی اور ارشد ندیم کی تیاری مکمل ہے قوم سے درخواست ہے ارشد کی کامیابی کیلیے دعا کرے۔ اکرم ساہی نے کہا کہ نجمہ پروین کے لئے بطور صدر اتھلیٹکس فیڈریشن بہت اقدامات کئے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے نجمہ پروین کے لئے کیمپ لگانے کی بات کی۔نجمہ پروین کو جب کیمپ میں بلایا گیا تو ان کی فٹنس معیار کے مطابق نہیں تھی۔ نجمہ پروین ابتدائی طور پر کیمپ میں آئیں تاہم عید کے بعد انہوں نے کیمپ جوائن نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس بی نے واپڈا کو لیٹر لکھ کر نجمہ کے نہ آنے کی وجہ کا پوچھا۔ واپڈا کی جانب سے پی ایس بی کو بتایا گیا کہ نجمہ فیصل آباد میں ٹریننگ کررہی ہیں۔