ضلع کورنگی، وسطی میں صفائی کیلیے اسپین اور چینی کمپنیوں سے معاہدہ

147

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے ضلع کورنگی اور وسطی میں صفائی کے لیے اسپین اور چین کی کمپنیوں سے معاہدہ طے پا گیا، دونوں کمپنیاں اگست کے دوسرے ہفتے سے دونوں اضلاع میں صفائی کا کام شروع کریں گی، اس معاہدے کے بعد پورے کراچی کی صفائی کا کام آؤٹ سورس ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، اسپین اور چین کی کمپنیوں کے درمیان ضلع وسطی اور کورنگی میں صفائی کا کام شروع کرنے کی تقریب ہوئی۔ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق چائنیز کمپنی کورنگی اور اسپینش کمپنی وسطی کراچی میں کام کرے گی۔چائنیز کمپنی کراچی میں صفائی ستھرائی کا پلانٹ اور40 میگا واٹ کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا پاور پلانٹ بھی لگائے گی۔ اس سے قبل 2017ء میں ضلع غربی، کیماڑی اور ملیر میں کام شروع ہوا تھا۔وزیراعلیٰ سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم کچرے سے انرجی پر کام کر رہے ہیں، جلد کچرے سے بجلی بنانے کے پروجیکٹ پر کام شروع ہوجائے گا۔