جانوروں کے چارے کی قیمت میں100فیصد اضافہ سے شہری پریشان

335

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)عید الاضحی قریب آتے ہی جانوروں کی طرح ان کے چارے کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہو گیا ہے ، مختلف اقسام کے چارے کی قیمتیں بھی مختلف ہیں جن میں مسور کی دال کے چھلکے، مکئی، گاچہ، لوسن، چھٹالہ، توڑی، جنتر، باجرہ اور دیگر شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق عید قربان قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کے چارے کی قیمت میں 100 گنا اضافہ ہو گیا ہے جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ مویشیوں کے لیے سبز چارے میں کٹائی اور بغیر کٹائی کے الگ الگ ریٹ مقرر ہیں۔ کٹائی کے بغیر سبز چارہ 30 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جو کہ عام دنوں میں 12 روپے فی کلو فروخت ہوتا تھا عید سے پہلے سبز چارہ 6 سے 12 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا تھا جو کہ اب 25سے 40روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح عام دنوں میں چوکر 30روپے فی کلو تھا جو اب 100روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ مویشیوں کے لیے گندم کا دلیہ45روپے فی کلو سے 90 روپے فی کو پر پہنچ چکا ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ جانوروں کے چارے کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلیے مویشی منڈیوں اور بازاروں میں کوئی نظام نہ ہونے کی وجہ سے چارہ بیچنے والے من مانی قیمت وصول کر رہے ہیں۔