گولڈ کپ چیمپئن شپ، میکسیکو کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

157

نیویارک (جسارت نیوز)دفاعی چیمپئن میکسیکو کی ٹیم گولڈ کپ فٹ بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ۔ میکسیکو نے آخری گروپ میچ میں ایل سلواڈور کی ٹیم کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 1-0گول سے شکست دی۔ ایل سلواڈور کی ٹیم شکست کے باوجود وارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ گوئٹے مالا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگوکی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔ گولڈ کپ چیمپئن شپ کے امریکی ریاست ٹیکساس کے بڑے شہر ڈلاس میں کاٹن بائول کے مقام پر کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں دفاعی چیمپئن میکسیکو کا مقابلہ ایل سلواڈور سے تھا جس میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد میکسیکو کی ٹیم نے ایل سلواڈور کو 1-0 گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میکسیکو کی طرف سے واحد گول لوئس روڈریگز نے میچ کے 26 ویں منٹ میں کیا۔اسی گروپ کا دوسرا میچ جو گوئٹے مالا اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگوکی ٹیموں کے درمیان ٹویوٹا اسٹیدیم ، فریسکو میں کھیلا گیا جو سخت مقابلے کے بعد ایک، ایک گول سے برابری پر ختم ہوگیا۔