طلباء کے بڑھتے وزن سے یونیورسٹی کے حکام پریشان، انوکھا فیصلہ کرڈالا

458

چین میں موٹاپے پر قابو پانے کے لئے جیانگ سو یونیورسٹی نے انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے وزن کم کرنے پر خصوصی نمبردینے کا فیصلہ کرلیا۔

چین میں موٹاپے پر قابوپانے کے لئے جیانگ سو یونیورسٹی نے موٹاپے کا شکار طالب علموں کو وزن کم کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے انہیں وزن کم کرنے پرخصوصی نمبردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے اس اقدام کا مقصد نوجوان طالب علموں میں تیزی سے پھیلتے ہوئے موٹاپے کو قابو میں لانا ہے۔

جیانگ سو صوبے کی نان جینگ زرعی یونیورسٹی کے لیکچرار اور اس پروگرام کے بانی ژو ہوکو نے بتایا کہ انہیں یہ خیال اس لئے آیا کہ ان کے متعدد شاگرد صرف اس لئے ورزش نہیں کرتے کیونکہ ان کے خیال میں یہ فضول کام ہے اور اس سے وزن میں کمی نہیں آسکتی۔

ژوہوکو کا کہنا ہے کہ طلبہ کے گریڈ کا 60 فیصد حصہ ان کے وزن میں کمی کے حوالے سے طے کیا جائے گا جبکہ 40 فیصد نمبر نصابی سرگرمیوں پر دیے جائیں گے۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے طالب علموں کے لیے ضروری ہوگا کہ اگر وہ مکمل گریڈز حاصل کرنا چاہتے ہیں تو مخصوص عرصے میں اپنا وزن 7 فیصد تک کم کرکے دکھائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں سے یونیورسٹی میں 13 فیصد سے زائد طلبہ موٹاپے کا شکار ہیں، توقع ہے کہ نئے پروگرام سے طالب علم اپنا وزن کرنے میں کامیاب ہوں گے۔