عمران خان نے کرسی کی خاطر عوام کے ووٹ کی قربانی دی، مریم نواز

143

 مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے الزام لگایا ہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار تنویر الیاس خان نے ایک سرکاری محکمے کے افسر کو ایک ارب روپے کی رشوت دی ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ عمران خان بتائیں کہ نئی نویلی اے ٹی ایم سے کشمیریوں کا ووٹ کتنے میں خریدا،وزیر اعظم نے کرسی کی خاطر عوام کے ووٹ کی قربانی دی۔

ن لیگ کی نائب صد رنے کہاکہ جس نے رشوت دی وہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اسٹیج پر موجود ہوتا ہے، تنویر الیاس خان کو ایک سال پہلے تک کوئی جانتا نہیں تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ تنویر الیاس خان نے نوازشریف کو پیغام پہنچایا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کے فنڈ میں 50 کروڑ روپے دیتا ہوں مجھے سینیٹ میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے، جس پر نواز شریف نے کہا تھا کہ میں پارٹی ٹکٹ دیتا ہوں بیچتا نہیں ہوں۔

 مریم نواز نےمزید کہا کہ بدقسمتی سے جس نے رشوت لی اسے ہٹا دیا گیا اور جس نے رشوت دی وہ عمران خان کے ساتھ اسٹیج پر موجود ہوتا ہے، یہ فیصلہ ہو گیا ہے کہ آزادکشمیر کو صوبہ بنایا جائے گا، اسی لئے آزادکشمیر کے الیکشن کو چوری کر کے ایک کٹھ پتلی وزیراعظم لایا جائے گا۔