افغانستان میں عدم استحکام پاکستان کے مفاد میں نہیں، وزیراعظم

217

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن سے علاقائی معاشی رابطوں کو فروغ ملے گا، وہاں تنازعات اور عدم استحکام میں اضافہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے اہم ملاقات کی، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغان امن عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں تنازعات اور عدم استحکام بڑھنے سے پاکستان کو سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، میں نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقت کے ذریعے حکومت کا نفاذ تنازعہ کے حل کا باعث نہیں ہوگا، مذاکرات اور بات چیت سے افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام آئے گا۔