ڈی جی خان: مسافربس اور ٹریلر میں تصادم، 29 افراد جاں بحق، 44زخمی

250

ڈیرہ غازی خان میں ہولناک ٹریفک حادثے میں 29افراد جاں بحق اور 44سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق سیالکوٹ سے راجن پور جانیوالی مسافر بس ڈیرہ غازی خان میں تونسہ روڈ پر ٹریلر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 29افراد جاں بحق اور 44 زخمی ہوگئے جبکہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈ سٹرکٹ ہیڈکوار ٹرٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا۔

اسپتال ابتظامیہ کا کہنا ہے کہ  زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مجیب نے حادثے میں 29 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا ہےکہ زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ حادثے کا شکار ہونے والے بیشتر مسافر عید کی چھٹیوں پر اپنے آبائی گھر جا رہے تھے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر نیئر عالم نے بتایاہےکہ حادثے کی شکار بس میں اس وقت 75 مسافر سوار تھے جبکہ جائے وقوعہ سے بس اور ٹریلر کو ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چودھری محمد سرورنے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔