کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، ماہرین صحت

476
کراچی میں اومی کرون کے نئے ویرینٹ کا پہلا کیس : ایس او پی پر موثر عمل کرانے کا فیصلہ

کراچی: ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے حکومت سے کراچی میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ماہرین نے  ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ سول اسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے اور جناح اسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

پروفیسر انجم رحمان کا کہنا ہے کہ لیاری جنرل اسپتال کے کورونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں جبکہ شہر کے چند پرائیویٹ اسپتالوں میں جگہ خالی ہے لیکن مریض وہاں جانے کو تیار نہیں ہیں۔

حکام کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے جبکہ پولیس، سی اے اے  اہلکاروں ، ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی نئی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھنے لگی ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل قیصر سجاد کا کہنا ہےکہ کراچی میں ڈیلٹا ویرئینٹ تیزی سے پھیل رہا ہےجبکہ کراچی کے بعد لاہور میں بھی بھارتی ویرئینٹ آرہا ہے، اس کو نہیں روکا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

قیصر سجاد نے کہا ہے کہ لوگ عید کے موقع پر خاص احتیاط کریں اور کراچی سے اندرون ملک جانے والوں کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کراچی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران مثبت کیسز کی شرح 23فیصد سے اوپر چلی گئی ہے اور ایک دن میں مزید 1 ہزار 83 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جو کورونا ٹیسٹ کیے گئے ان میں 1083 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔