پاکستان میں کورونا سے مزید 30 افراد جاں بحق

238

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار شروع ہوگئے ہیں  جس کے بعد کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں  مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ جاری ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 452 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 30 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، کورونا کے مزید 903 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 95 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 22 ہزار 811 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 91 ہزار 727 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 48 ہزار 850 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 532 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 20 ہزار 66 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 49 ہزار 503 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 54 لاکھ 43 ہزار 477 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 لاکھ 13 ہزار 82 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 27 لاکھ 35 ہزار 993 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 56 ہزار 929 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 5 ہزار 720ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 50 ہزار 618 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 881 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 40 ہزار 818 ہو چکی ہے جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 386 ہو گئیں۔

این سی او سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 84 ہزار 722 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک یہاں کُل 787 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 29 ہزار 110مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 319 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 22 ہزار 116مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور یہاں اب تک کُل 601 مریض وفات پاچکے ہیں۔

واضح رہے سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں ایک بار پھر کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں اور کیسز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ملک کے حساب سے کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔