بھکارن کا مندر کو لاکھوں روپے کا عطیہ

398

بھارت میں 85 سالہ معمر بھکاری خاتون نے مندرکو ڈھائی لاکھ روپے کا عطیہ دیتے ہوئےکہا ہے کہ مجھ سے زیادہ مندر کو اس پیسے کی ضرورت ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کےمطابق بھارت کی ریاست میسور میں 85 سالہ ضعیف بھکاری خاتون سیتا لکشمی نے وونٹی کوپال کے مندرپراسنا انجانیاسوامی کی تعمیروترقی کےلئے ڈھائی لاکھ روپے عطیہ کردیے۔

بھکاری خاتون کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میرے لئے خدا ہی کافی ہے اور مجھ سے زیادہ مندر کو اس پیسے کی ضرورت ہے، اس مندر کی انتظامیہ نے میرا بہت خیال رکھا ہے، اگرمیں یہ رقم اپنے پاس رکھتی تو یہ چوری بھی ہوسکتی تھی اس لئے میں نے اس رقم کو مندر کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سیتا لکشمی اپنے بھائی کے گھرمیں رہتی تھی، بڑھاپے کی وجہ سے وہ کام کاج کرنے کے قابل نہیں رہیں اور اپنے خاندان پر بوجھ بننے کے خوف سے مندر کی دہلیز پر بیٹھ گئیں جہاں یاتریوں سے بھیک مانگنے لگیں۔ ہندوؤں کے مذہبی تہوار پر معمر بھکاری خاتون نے بھیک میں جمع کردہ ڈھائی لاکھ روپے کی خطیر رقم مندر انتظامیہ کو عطیہ کردی۔

مندرکے ٹرسٹی کا کہنا ہے کہ لکشمی دیگر بھکاریوں سے بہت مختلف ہیں انھوں نے کبھی خود سے پیسے نہیں مانگے اور جو کچھ انہیں ملتا، وہ تمام انھوں نے مندر کی تعمیر اور یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی کےلئے عطیہ کردیا جو ایک غیرمعمولی واقعہ ہے۔