جرمنی اور بیلجیئم میں تباہ کن سیلاب‘ 170 ہلاک‘سیکڑوں لاپتا

220

برلن(آئی این پی)جرمنی اور بیلجیئم میں تباہ کن سیلاب سے ہلاکتوں کی کم سے کم تعداد 170ہوگئی ہے۔ موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے مکانات منہدم اور سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں۔جرمنی میں سیلاب سے 143افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کولون کے جنوب میں واقع ارویلر میں 98افراد ہلاک ہوئے ہیں۔سیکڑوں افراد اب بھی لاپتا ہیں۔جرمنی کے وزیر خزانہ اولاف شلز نے سیلاب سے متاثرین کے لیے 300ملین یورو سے زائد ایمرجنسی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ایس پی ڈی پارٹی کی طرف سے چانسلر کے امیدوار اولاف شلز کے مطابق یہ فنڈز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں رائن لینڈ پلاٹینیٹ اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی حکومتوں کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے لیے بھی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ شلز کے بقول اس قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے کم از کم ایک بلین یورو درکار ہوں گے۔