حیدرآباد ،بارش کا پانی جمع گندگی ،عید گاہوں کے قریب عدم صفائی

171

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کے موقع پر بھی شہر کے متعدد علاقوں میں کچرے کے ڈھیر، گزشتہ بارش کا پانی جمع، گندگی وکیچڑ، عیدگاہوں کے قریب بھی صفائی کا انتظام نہیں ہے۔ سٹی، لطیف آباد، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور گندگی وغلاظت سے ماحول تعفن زدہ ہے جبکہ عید گاہوں کے قریب بھی صفائی کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی، لطیف آباد نمبر 12,5,8 اللہ والی مسجد کے قریب گندا پانی جمع ہے۔ رضا اسکول کے قریب گلیوں میں گندا پانی جمع ہے۔ حالی روڈ، پھلیلی، پریٹ آباد، اسٹیشن روڈ، امریکن کوارٹر سمیت دیگر علاقوں میں بھی ماحول تعفن زدہ ہے جبکہ بلدیہ کی جانب سے مسلسل صفائی ستھرائی کا ڈھول پیٹا جارہا ہے۔ بھٹائی اسپتال سے چار نمبر جانے والی سڑک کو بلدیہ کے نااہل عملے نے عین برسات کے موقع پر کھودیا ہے جس کے باعث چار نمبر جانے والی واحد سڑک پر ٹریفک مسلسل جام ہے۔ کئی سال قبل یہاں روڈ کی تعمیر کے موقع پر گٹر دفن ہوگئے تھے جن کی تلاش میں بلدیہ نے ساری سڑک کو کھود کر گڑھے کردیے ہیں جن کے باعث ٹریفک کی روانی میں سخت پریشانی ہے، جو برسات کی صورت میں حادثات کا باعث بنیں گے۔ علاقہ مکینوں نے بلدیہ کی اس احمقانہ حرکت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے فوری طور پر سڑک کو ہموار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔