ٹنڈوالہٰیار، چھریوں اور بغدوں کی فروخت میں اضافہ

129

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) عیدالاضحی کی آمد کیساتھ ہی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، چھریوں اور بغدوں کی فروخت میں اضافہ، دکانداروں کی چاندی۔ عیدالاضحی کی آمد کیساتھ ہی اس کی تیاریاں بھی عروج پر پہنچ گئیں،ملک کے دیگر شہروں کی طرح ٹنڈوالہیار میں بھی قربانی کے لیے چھریوں اور بغدوں کی فروخت میں اضافہ ہوگیا۔ شہر ٹنڈوالہٰیار کے مختلف علاقوں میں چھری، بغدوں اور دیگر سامان کی فروخت کے لیے جگہ جگہ عارضی اسٹالز بھی لگ گئے، جہاں گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 سے 30 فیصد سے زائد قیمت پر چھریاں بغدے فروخت کیے جارہے ہیں۔ شہر ٹنڈوالہٰیار میں درمیانے سائز کی چھریاں 200 سے 300 روپے میں ذبحہ کرنے کیلیے بلیڈ کی چھری 350 سے 450 روپے جبکہ اسٹین لیس اسٹیل کی چھریاں 400 سے 700 روپے میں فروخت کی جارہی ہیں۔ بغدوں کی فروخت وزن کے لحاظ سے کیا جارہا ہے، مختلف بازاروں میں لوہے کے بغدے 200 سے 250 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیے جارہے ہیں۔ چھری اور بغدوں کی فروخت کے ساتھ دہار بٹھانے کا کام بھی چمک اٹھا۔ شہر میں جاری طویل لوڈشیڈنگ کے سبب دہار لگانے والوں کا کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے۔