کندھکوٹ ،شہریوں کا بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج

156

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کندھکوٹ شہر میں بجلی اور گیس کی بندش نے عوام کی زندگی مفلوج کردی۔ سخت گرمی میں بجلی اور گیس سے عوام محروم ہیں۔ عوام سے ایسی زیادتیوں کیخلاف قومی عوامی تحریک کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی ضلعی صدر سجاد احمد بروہی، ارصلاح بھلکانی، شعیب ڈومکی، فدا حسین، رحمت اللہ چھجن، سنجے کمار، روھت چھابڑیا، غفور محمدانی، جمال الدین بھلکانی، کرتار سندھی، سرمد جاگیرانی، بھگوان سنگھ، شاہ علی سہریانی، شاہد سہریانی، موتی رام، نوید شیخ، منوھر لال ودیگر کی قیادت میں نکالی گئی۔ مظاہرین نے گھنٹہ گھر چوک پر ٹائروں کو نذر آتش کرکے شہر کے روڈ کو بلاک کردیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کندھکوٹ کے شہری بجلی سمیت گیس کی بندش جیسے عذاب کا سامنا کررہے ہیں۔ اس سخت گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور مسلسل ٹرپنگ نے شہریوں کی زندگی کو عذاب بنا دیا ہے۔ واپڈا کے عملدار کرپشن کے اعلیٰ درجے پر پہنچ گئے ہیں۔ بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈیڈکشن کی مد میں بڑے جرمانے لگائے گئے ہیں۔ کندھکوٹ کے اکثر محلوں میں سے گزشتہ سال سوئی گیس غائب ہے مگر بل ہر ماہ جاری کیے جارہے ہیں، جہاں گیس ہے، وہاں غیر قانونی طریقے سے بندش کرکے عوام کو کھانا پکانے سے محروم کیا جارہا ہے۔ ہم اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کندھکوٹ شہر کے شہریوں کو گیس اور بجلی کے دگنے عذاب سے بچایا جائے۔ دوسری صورت میں مسلسل احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔