پیٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے، چودھری طارق

198

جھڈو (نمائندہ جسارت) اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے بجٹ کے بعد تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عید سے قبل غریب عوام پر مہنگائی کا ڈرون بم حملہ قرار دے کر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے پانچ روپے فی لیٹر اضافے سے ملک میں بدترین مہنگائی کا طوفان آ جائے گا، اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ظالمانہ فیصلہ فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ( ن) سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چودھری محمد طارق، صوبائی نائب صدر چودھری سجاد احمد، جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری افضال احمد، ،پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی میر طارق خان تالپور، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اعظم نوحانی، پی پی تعلقہ جھڈو کے جنرل سیکرٹری محبوب علی لغاری، تعلقہ انفارمیشن سیکرٹری سجاد لاشاری،پی پی جھڈو سٹی صدر میر عرفان تالپور، عمران سردار ناگوری، فنکشنل مسلم لیگ تعلقہ جھڈو کے صدر حاجی فضل الرحمن میمن،عوامی تحریک جھڈو کے ایاز کھوسو،شیعہ علماء کونسل ضلع میرپور خاص کے سینئر نائب صدر لالہ غلام رسول پٹھان، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صوبائی معاون علی احمد رند، شہری رہنماؤں محمد علی ناگوری، حنیف تاج، ندیم نواب و دیگر نے موجودہ بجٹ کے بعد مسلسل تیسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام سے سنگین مذاق اور ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے پانچ روپے کا اضافہ کرکے غریب عوام کو عید پر مہنگائی کا تحفہ دیا گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائے گا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب عوام کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے جبکہ نااہل حکمرانوں نے عوام سے عید کی خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔