ٹنڈولٰہیار،پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا

170

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) پبلک ٹرانسپورٹرز نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا اور مسافروں سے اضافی کرایہ لیا جانے لگا۔تفصیلات کے مطابق پیٹرول مہنگا ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیے، کراچی سے دیگر شہروں کو جانے والے ٹرانسپورٹرز نے من مانی کرتے ہوئے کرایوں میں پانچ سو روپے تک کا اضافہ کردیا۔ لاڑکانہ، سکھر،شہداد کوٹ اورشکارپورکے کرایوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ کراچی سے پنجاب اورکے پی جانے والے مسافروں سے بھی ہزارسے پندرہ سو روپے اضافی لیے جانے لگے جبکہ حیدرآباد سے مختلف روٹ پر چلنے والی گاڑیوں کے مالکان نے بھی کرایوں میں اصافہ کر دیا عید کے قر یب آتے ہی پیٹرول کا بم گر نے کے سبب عوام پر مہنگائی کا بھی بم گر چکا ہے ۔اوگرا کی سفارش پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کیا تھا ، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 118 روپے 9 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 39 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا اور مٹی کے تیل کی قیمت 87 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کردی۔