ایل پی جی ایسوسی ایشن کا حکومتی پالیسی ماننے سے انکار،گیس سپلائی بند کرنے کی دھمکی

133

لاہور(صباح نیوز)ایل پی جی ایسوسی ایشن نے حکومتی نئی پالیسی کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی اور کلمہ چوک پر لاہور میٹرو بس کا ٹریک بند کردیا جبکہ چیئرمین ایل پی جی عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو پورے ملک میں گیس سپلائی بند کردیں گے۔ ایل پی جی انڈسٹریز پاکستان کی زیراہتمام لاہور گارڈن ٹائون میں ایل پی جی کنونشن کا انعقاد کیا گیا، ایل پی جی انڈسٹری سے وابستہ تاجروں نے حکومتی نئی پالیسی کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے سے آنے والی ایل پی جی پر ریگولیٹری ڈیوٹی کو ختم کیا جائے۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی غریب کا فیول ہے اس انڈسڑی کو ٹیکس فری قرار دیا جائے، ایل پی جی پیداوار بڑھانے کے لیے جام شورو جوائنٹ وینچر کو فوری چلایا جائے، ایل پی جی کی منتقلی میں پولیس اہلکاروں کی براہ راست مداخلت فوری ختم کی جائے، کسی بھی طرح کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کے بجائے اے سی، ڈی سی کے حکم کے بعد سول ڈیفنس اور ٹاون آفیسر کے عملہ کو کارروائی کے لیے پابند کیا جائے۔ عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ میں استعمال شدہ لوہے کے ڈرم سے غیر معیاری سلنڈر، وال اور بوزر بنائے جارہے ہیں جو دھماکے کا باعث بنتے ہیں، ایسے کارخانوں کو فوری طور پر بند کیا جائے اوراگرغیرمعیاری سلنڈرز کے کارخانوں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی اور ہمارے دیگر مطالبات نہ مانے گئے تو پورے ملک میں گیس سپلائی بند کردیں گے، جبکہ31 جولائی ملک گیر ہڑتال ہوگی۔