کورونا سے مزید 21 اموات ،لاہور میں ڈیلٹا وائرس پھیلنے لگا

210

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور/ کوئٹہ (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید21 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ مرنے والی والوں کی کل تعداد 22 ہزار 781 ہوگئی ہے‘ لاہور میں ڈیلٹا وائرس پھیلنے لگا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا کے مزید 2 ہزار607 نئے کیسز سامنے آئے ہیں‘ ایکٹو کیسز کی تعداد بڑھ کر47 ہزار331 ہو گئی‘ مجموعی کیسز کی تعداد9 لاکھ 89 ہزار275 تک پہنچ گئی‘ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 48 ہزار 816 ٹیسٹ کیے گئے۔ لاہور کے اسپتالوں میں 3 روز کے دوران مزید 56 افراد میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق 3 روز کے دوران 85 مشتبہ نمونوں میں سے56 میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے پھیلائو کی رفتار دیگر ویرینٹس کے مقابلے میں50 فیصد تیز ہے‘ اس سے بچائو صرف ویکسین لگانے سے ہی ممکن ہے۔پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی بھارتی قسم (ڈیلٹاویرینٹ) اور عید الاضحی سے متعلق ضابطہ اخلاق (ایس اوپیز) جاری کردیا۔سیکرٹری محکمہ صحت سارہ اسلم کے مطابق صرف ویکسینیٹد افراد کو ہی بین الصوبائی سیاحتی مقامات پر جانے کی اجازت ہوگی اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوٹلز میں بکنگ نہیں کی جاسکے گی۔ ہوٹلز میں ڈائننگ کے لیے 50 فیصد گنجائش کے اصول پر عمل کیا جائے گا‘ ٹرانسپورٹرز صرف70فیصد گنجائش کے ساتھ سفرکے پابند ہوں گے، مارکیٹس اور شاپنگ مالز مقررہ اوقات میں ہی کام کریں گے جب کہ فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، پیٹرول پمپس کو 24گھنٹے کام کی اجازت ہوگی۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 11.90فیصد تک پہنچ گئی جبکہ ضلع آوارن میں یہ شرح 44 فیصد ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا کیسزکی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے‘ بلوچستان میں مثبت کیسزکی شرح 11.90فیصد ہے جو لوگ ویکسین نہیں لگوا رہے ان کا سرکاری دفاتر میں داخلہ بند کردیا جائے گا۔گوجرانوالہ میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا‘ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر پہلے وارننگ پھر مقدمات اور گرفتاریاں ہوںگی۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل خواجہ کے مطابق پاک فوج کے دستے ضلعی انتظامیہ کی معاونت کے لیے طلب کیے گئے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنے لگاہے‘ نئے کیسزمیں 50 فیصد ڈیلٹا ویری اینٹ کے ہیں‘ لاہور میں تقریباً 68 فیصد کیسز ڈیلٹا کے رپورٹ ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 18 مریض انتقال کرگئے جبکہ1467 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور385 افراد صحتیاب ہوئے ہیں‘ اس وقت 30592 مریض زیر علاج ہیں‘ 889 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 59 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1467 نئے کیسز میں سے 1236 کا تعلق کراچی سے ہے۔