مائنس کی باتیں کرنے والے دیکھ لیں،نوازشریف پلس ہورہا ہے،مریم نواز

103

دھیر کوٹ (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں‘ ضائع نہیں ہوئیں‘ مائنس کی باتیں کرنے والے دیکھ لیں کہ نواز شریف آزاد کشمیر میں روز بروز پلس پلس اور پلس ہو رہے ہیں‘ سلیکٹڈ باغ کے سرکاری جلسے میں آئے تھے اگریہ جلسہ نہ کرتے تو شاید ان کا بھرم رہ جاتا، سلیکٹڈ کا جلسہ فلاپ تھا جس پرکروڑوں روپے خرچ ہوئے‘ ووٹ کو عزت دینے کا وقت آ گیا ہے۔ اتوار کو دھیر کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جہاں جہاں جاتی ہوں ، ایک ہی آواز آتی ہے اور وہ ہے نواز شریف۔ سلیکٹڈ نے باغ میں جلسہ صرف اس لیے رکھا کیونکہ وہ امیدوار ایک اے ٹی ایم مشین ہے اور عمران خان غریبوں کے پاس نہیں صرف پیسوں والوں کے پاس جاتے ہیں‘عوام سے ووٹ مانگنے والا سلیکٹڈ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہیلی کاپٹر میں پھونک کر آیا لیکن کروڑوں روپے خرچ کرکے بھی انہیں عوام نے مسترد کردیا، کراچی سے خیبر تک ہر جگہ آپ کو عوام نے مستردکردیا، ایسے جلسے کو جلسی بھی نہیں کہا جا سکتا۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں، تبدیلی نہیں، بلکہ یہ انقلاب ہے‘ 25 جولائی کو ووٹ کو عزت دینے اور ووٹ پر پہرہ دینے کا وقت آگیا ہے۔