آزاد کشمیر کے لوگ عمران خان کے نظریے کو سرخرو کریں،شاہ محمود

88

میرپور ( آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگ باقی پارٹیوں کی سیاست اور منشور دیکھ چکے، اب وقت آگیا ہے کہ وہ عمران خان کے نظریے اور نشان کو سرخروکریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر پور آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ 25جولائی کو آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔شاہ محمود نے کہاکہ بھارتی میڈیا کو اندازا ہے کہ اگر تحریک انصاف اور عمران خان آزادکشمیر میں کامیاب ہو گئے تو ان کی آواز کنٹرول لائن کے پاربھی گونجے گی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے امید ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ان لوگوں کے چہرے جان چکی ہے جن میں سے ایک شخص دوائی لینے گیا لیکن واپس نہیں آیا اور ان کے پیچھے اس کا بھائی اور بیٹی بھی جارہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان دنیا میں کشمیر کا نام اس طرح زندہ کرے گا کہ تاریخ یاد کرے گی، میر پور کے عوام اپنی تقدیر بدلنے کے لیے بلے پر مہر لگائیں ، 25جولائی کو تحریک انصاف آزاد کشمیر میں کامیاب ہو گی اور 27جولائی کو یہاں جشن ہوگا۔