شہباز شریف کا صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی پر اظہار تشویش

187

لاہور( آئی این پی)ن لیگی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے صنعتوں اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی عدم فراہمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ مہینے سے بجلی اور گیس کی لامتناہی لوڈ شیڈنگ کاافسوسناک سلسلہ جاری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو بدانتظامی کی انتہا ہے، ملک میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، اس سے بھیانک بدانتظامی اور کیا ہوسکتی ہے؟ ،گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی بدترین نااہلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور اس کی کابینہ ہے۔حکومتی نااہلی کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت بھگتنا پڑ رہا ہے، مہنگائی، بے روزگاری، تباہ حال معیشت میں گیس کی لوڈشیڈنگ عوام کی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،حکومت بحران پر قومی اسمبلی میں بحث کرائے تاکہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلنے سے عوام کو ریلیف مل سکے۔