نہری پانی کا بحران‘ جماعت اسلامی سندھ کااحتجاج‘ منصفانہ تقسیم کا مطالبہ

231

کراچی(اسٹاف رپورٹر)18جولائی 2021 جماعت اسلامی کے تحت نہری پانی کی کمی کے خلاف تنگوانی، کرم پور، یوسی توج اور یوسی آکھیرو کندھکوٹ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، عبدالحفیظ بجارانی، حفیظ اللہ گولو اور محمد عیسیٰ سبزوئی نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ نہ صرف صوبہ میں پانی کی کمی کے خلاف آواز اٹھائے بلکہ سندھ میں با اثر وڈیروں کی جانب سے پانی چوری کو روکنے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنائے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ نہری پانی کی کمی کی وجہ سے دھان کے فصل کا بیج سڑ رہا ہے جبکہ کاشتکاروں کا اللہ کے سوا پورا انحصار اس فصل کی آبادی پر ہوتا ہے۔ اگر دھان کے فصل کی بر وقت بوائی نہیں ہوئی تو پورا سال بھوک و افلاس پر گذرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلے ہی حکومتی کرپشن و نا اہلی کی وجہ سے عوام غربت و افلاس، قبائلی تصادم کا شکار ہیں۔ مہنگائی سے غریب آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کہا کہ حکومت پانی بحران کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اور پانی چوروں کے خاتمے و دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے۔ شرکاٗ نے کرم پور انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر نعرے بازی کی۔