چینی کمپنی نے داسو ڈیم پر کام پہلے سے زیادہ تیز کردیا، فواد چودھری

85

جہلم (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ داسو میں پیش آنے والے واقعے کے بعد چینی کمپنی نے کام کی رفتار پہلے سے زیادہ تیز کردی ہے۔ اتور کو جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دشمن سمجھتے ہیں ایسی کارروائیوں سے ڈیم منصوبے پرکام بند ہوجائے گا تو وہ غلط ہیں کیونکہ ایسے واقعات سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوسکتے، پاک چین دشمنوں کو یہ پیغام ہے ہم نئے عزم سے کام کریں گے، داسو ڈیم پاک چین دوستی کا ایک مظہر ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے، ٹیکسی ڈرائیور حراست میں ہے جس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، افغان ایمبیسی بھی تفتیش میں تعاون کر رہی ہے، امید ہے جلد نتائج برآمد ہوں گے۔