پاکستان قونصل خانہ جدہ: شہدائے کشمیر کی یاد میں خصوصی تقریب

450

پاکستان قونصل خانہ جدہ میں شہدائے کشمیر کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ 13جولائی کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ وہ دن ہے جب کشمیریوں کے خون سے تاریخ لکھی گئی۔ تقریب میں کشمیر کمیٹی کے صدرمسعود احمد پوری، سردار اقبال یوسف، نصر اقبال سردار، جموں کشمیراوورسیزکمیٹی کے خورشید احمد متیال، سردار اشفاق خان اور دیگر نے شرکت کی۔ کورونا وبا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کے باعث رکان کو محدود تعداد میں مدعو کیا گیا تھا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی متواتر قراردادوں کے ذریعے عالمی برادری کے کشمیری عوام سے وعدے کے مطابق ، غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حقیقی حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں ہے۔ کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود پوری اور جموں و کشمیرکمیٹی اوورسیز کے رہنماؤں نے 13 جولائی 1931ء کو 22 بہادر کشمیریوں کی سفاک ڈوگرہ افواج کے ہاتھوں شہادت کے واقعے پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سلگتے ہوئے مسئلے کو جلد حل کرائے ۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔