عید پر ضرورت کے مطابق پانی فراہمی کے انتظامات کرلیے ‘اسد اللہ

122

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔تمام شکایتی مراکز کو صارفین کی پانی کی عدم فراہمی کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ بات کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسداللہ خان نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کی ذمے داری ہے کہ صارفین کو بلاتعطل پانی فراہم کیا جائے۔ شہر میں طلب کے مقابلے میں سات سو ملین گیلن یومیہ کمی کے باوجود واٹر بورڈ شہریوں کو پانی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انجینئر اسداللہ کا کہنا تھا کہ دستیاب 500 ملین گیلن یومیہ پانی سے صارفین کی پانی کی طلب پوری کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہے، واٹر بورڈ کے انجینئر اس چیلنج کو احسن طریقے سے پورا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل بجلی کی ٹریپنگ کی وجہ سے دھابیجی سے پانی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا تھا جو معمول کے مطابق ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ پانی نیگلریا سمیت دیگر جراثیم سے پاک کرنے کے لیے کلورین کی آمیزش میں اضافہ کیا جاچکا ہے ۔