مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹرکراچی نہیں بننے دیں گے، حلیم عادل

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آفس میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کراچی میں اپنے حلقے کے عوام کے ریجکٹڈ شخص ہیں،مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی نہیں بننے دیں گے،سندھ کے وزیر تعلیم خود زیر تعلیم ہیں، سندھ کی تعلیم تباہ ہوگئی ہے ، سندھ کا چوری شدہ پیسہ کشمیر الیکشن میں استعمال ہورہا ہے، پی پی قیادت بڑے بڑے بیگ لیکر کشمیر پہنچی ہے، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا ہے، سندھ میں گریڈ ایک سے چار تک کی نوکریاں پیپلز پارٹی بیچ رہی ہے، ڈپٹی کمشنر سطح پر ان نوکریوں کی بولیاں لگ رہی ہیں، سندھ کے نوجوانوں کی یہ نوکریاں ہم لوٹنے نہیں دیں گے جلد اس کے خلاف عدالت جارہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ حکومت صوبے کے لیے تباہی ہے ان کو نکالنا پڑے گا، پیپلزپارٹی نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے، کورونا ویکسین کے ڈیٹا اینٹری ملازموں کو سندھ حکومت نے 3 مہینوں سے تنخواہیں نہیں دیں، سندھ کا اربوں روپے کا بجٹ ہے، ویکسین بھی وفاقی حکومت فراہم کر رہی ہے، ویکسین اور ایکسپو سینٹر وفاق کا ہے، صرف تنخواہیں انہوں نے دینی تھیں وہ بھی نہیں دیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نوکریاں عام لوگوں کو ملنی چاہییں، جن کا حق ہے انہیں میرٹ پر سیاست سے پاک ہوکر نوکریاں دی جائیں، سندھ میں پیسوں پر نوکریاں ملتی ہیں۔