متحدہ آج بھی الطاف کے خول میں بندہے‘اسماعیل راہو

272

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کی گزشتہ روز پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ اظہار کا بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے‘متحدہ اب بھی اسی خول میں ہے جس میں اسے الطاف حسین نے بند کیا تھا۔ اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم جب تک تعصب کی سیاست سے باہر نہیں نکلتی تب تک شکست خوردہ ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ فقط سندھ کے افسران کو نہیں بلکہ پورے سندھ کو جاہل اور غیرمقامی کہا گیا ہے‘ایم کیو ایم اور اتحادیوں کے تمام بیان اور تنقید فقط پی پی پی اور سندھ حکومت پر ہوتی ہیں۔ کراچی سمیت سندھ کا کوئی بھی مسئلہ ہو تو اسلام آباد کے سامنے ان کی بولتی بند ہوجاتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خواجہ اظہار صاحب سندھی افسران کو جاہل کہنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیں۔ یہ ان ہی” جاہلوں” کاسندھ تھا جس نے سب سے پہلے پاکستان کی قراداد منظور کی, یہ انہی “جاہلوں” کا پر امن اور سرسبز و شاداب سندھ تھا، جو مہاجرین کو یہاں کھینچ لایا تھا، ورنہ باقی تین صوبے بھی تو پاکستان تھے‘تعصب کے بجائے پیار, محبت اور امن کی عینک پہن لیںتوتمام افسرآپ کو پاکستانی نظر آئیں گے‘ کراچی میں نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان سے افسران تعینات ہیں۔ افسوس کہ تعصب پسندوں اور کوتاہ نظروں کوفقط سندھی افسران ہی دکھائی دیتے ہیں۔