شاہنواز بین الاقوامی سازش کی بھینٹ چڑھ گئے،وقارمہدی

210

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہنواز بھٹو اپنے والد کی طرح ضیا آمریت اور بین الاقوامی سازش کی بھینٹ چڑھ گئے کیونکہ بین الااقوامی آمریت نہیں چاہتی تھی کہ جس ملک کو بڑی سازش کے تحت دولخت کیا وہ اتنی جلد دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط ریاست بن جائے گا، ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے پی پی پی کراچی ڈویژن کی جانب سے شاہنواز بھٹو کے 36 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنی بیٹی بینظیر بھٹو کے ساتھ ساتھ شاہنواز بھٹو کو بھی اس ملک کی ترقی اور غریب عوام کی خدمت کے لیے تیار کر رہے تھے لیکن وہ بین الاقوامی طاقتیں جو پاکستان کی ترقی کسی بھی طرح برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں تھیں انہوں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ محب وطن خاندان کو راستے سے ہٹانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ذاولفقار علی بھٹو نے اس ملک کا اقتدار سنبھالا تو یہ ملک بہت کمزور ہوچکا تھا، 5 ہزار مربع میل کا حصہ بھارت کے قبضے میں جا چکا تھا۔ ہمارے 90 ہزار فوجی افسر اور جوانوں کو بھارت اپنا جنگی قیدی بنا چکا تھا اس موقع پر انہوں نے بھارت سے نہ صرف اپنی سر زمین کا قبضہ شدہ حصہ واپس حاصل کیا۔