گلشن معمار میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ابوالخیر ملک

124

کراچی (پ ر)ناظم علاقہ گلشن معمار ابو الخیر ملک نے کہا ہے کہ گزشتہ مہینے سے علاقہ گلشن معمار سیکٹرZ 1,2,3,4,5,6 سیکٹرV 1,2,3,4 اور دیگر سیکٹروں میں پانی نہیں آرہا پہلے آتا تھا لیکن پریشر بہت ہلکا ہوتا تھا اب گلشن معمار کے مکینوں کی پانی کے بغیر زندگی بڑی دشوار ہوگئی، گلشن معمار کی انتظامیہ مینٹیننس کے نام پر ماہانہ رقم وصول کرتی ہے اور اس پرپانی کا بل بھی ، ظلم کی انتہا ہوگئی۔ لوگ راتوں کو جاگ کر پانی کا انتظار کرتے ہیں، اس کمر توڑ مہنگائی میں غریب آدمی تو دور کی بات سفید پوش انسانوں کی زندگی بھی اجیرن ہو گئی ہے۔ آخر کب تک گلشن معمار کے لوگ ٹینکر مافیا کے ہاتھوں یر غمال بنتے رہیں گے۔ابوالخیر ملک نے کہاکہ پہلے بجلی نہیں ہوتی تھی ،اب پانی کے لیے ترسایا جارہاہے، صوبائی حکومت ،کمشنر کراچی، واٹربورڈ کے چیئرمین، گلشن معمار کی انتظامیہ اور ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ گلشن معمار کے مکینوں کو پینے کا صاف پانی تیز پریشر سے فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے، معصوم بچے اور بزرگ سخت پریشان ہیں، علاقہ گلشن معمار کے مکین سراپا احتجاج ہیں، عید الاضحی کی آمد ہے لہٰذا پانی کی جلد از فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔