دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو45رنز سے شکست

93

کراچی (سید وزیر علی قادری) انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو45 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ‘ تیسرا میچ کل کھیلا جائے گا ، انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے201 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں قومی ٹیم نے سست کھیل کا آغاز کیا اور 20اوور میں 9وکٹوں کے نقصان پر155رنز بناسکی‘ برطانیہ کے مسلم کھلاڑی معین علی کا آل راؤنڈ کھیل پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا، انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 201رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا تاہم انگلش ٹیم آخری اوور میں آل آؤٹ ہوگئی‘ محمد حسنین 51 رنز دے کر 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف کے حصے میں 2,2 وکٹیں آئیں۔ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 50 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ تاہم بابر اعظم 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جن کے بعد صہیب مقصود بھی 15 رنز پرآؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 82 کے مجموعے پر 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر ٹھیر نہیں سکا اور یکے بعد دیگر سب آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کو 36 رنز کا سہارا دیا، تاہم قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بناسکی۔ انگلینڈ کی جانب سے 3 وکٹیں لے کر ثاقب محمود کامیاب بولر رہے، جبکہ معین علی اور عادل رشید کے حصے میں 2,2 وکٹیں آئیں۔ انگلش کھلاڑی معین علی کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ہوم ٹیم نے اس فتح کے ساتھ ہی سیریز کو ایک ،ایک سے برابر کردیا جبکہ سیریز کا آخری میچ 20 جولائی کو اولڈ ٹریفرڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔