افغانستان نے پاکستان سے اپنا سفیر اور سینئر عملہ واپس بلالیا

134

کابل/اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) افغان حکومت نے پاکستان میں تعینات اپنے سفیر نجیب اللہ علی خیل سمیت سینئر سفارتی عملے کو واپس بلالیا۔افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدراشرف غنی نے اسلام آبادسے سفارت کاروں کوپاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے معاملے پرواپس بلایا۔ افغان وزارت خارجہ نے بتایا کہ افغان سفارت کاروں کے سیکورٹی تحفظات دور ہونے تک عملے کوواپس بلایا جبکہ افغانستان کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرکے معاملے کا جائزہ لے گا۔افغان حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغواکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغانستان کی جانب سے سفیر اور سینئر سفارت کاروں کو واپس بلانے کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفیر کی بیٹی کے اغوا اور حملے کی اطلاع پر وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلی سطح پر تحقیقات کی جارہی ہے۔ جب کہ سفیر ان کے اہل خانہ اور افغان قونصل خانے کے دیگرعملے کی سیکورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے آج افغانستان کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات پر روشنی ڈالی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم حکومت افغانستان کی جانب سے اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کی امید رکھتے ہیں۔