حافظ نعیم کی رضا ذوالفقارچودھری کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر تشویش

77

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن علاقہ گرین ٹاؤن عظیم پورہ کے سابق ناظم یوسی 7 ذوالفقار چودھری کے جواں سال صاحبزادے 32سالہ رضا ذوالفقار چودھری کے قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناکامی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایک ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجودرضا ذوالفقار کے قاتلوں کا قانون کی گرفت سے آزاد رہنا اور گرفتار نہ ہونا سندھ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، مقتول کے ورثاء اور اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں اور ان کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال ، لوٹ مار ، مسلح ڈکیتی اور قتل کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے ، حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے رضا ذوالفقار کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے ۔ مقتول کے اہل خانہ اور ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے ۔